ڈیلی الاؤنسز اور واجبات کی عدم ادائیگی، ہاکی کھلاڑیوں کی مالی مشکلات میں اضافہ

Published On 15 October,2024 11:20 am

لاہور : (دنیانیوز) پاکستان ہاکی کے کھلاڑیوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، ڈیلی الاؤنسز اور واجبات کی عدم ادائیگی سے کھلاڑی پریشان رہنے لگے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کے واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملے پر مکمل طور پر چپ سادھی ہوئی ہے، کھلاڑیوں کے پیغامات کا جواب تک نہیں دیا جا رہا۔

واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو چین میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی کی ڈیلی الاؤنسز نہیں ملے، کھلاڑیوں کی 20 ہزار روپے روزانہ کے حساب سے 25 روز کی ڈیلی الاؤنسز بنتے ہیں، کھلاڑیوں کو کہا گیا کہ 35 ہزار فی دن کا الاؤنس یکم جنوری سے شروع ہو گا ۔

کھلاڑیوں کو شک ہے کہ پی ایچ ایف دورہ چین کے 25 دن کی بجائے صرف ایونٹس کے دنوں کی ڈیلیز دینے کا پلان کر رہی ہے۔