میاں چنوں : (دنیا نیوز) قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا گولڈ میڈل افواجِ پاکستان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی دعاؤں سے اللہ نے پاکستان کو دوبارہ فتح دی، محنت کسی بھی کام میں کریں، اللہ صلہ ضرور دیتا ہے۔
آبائی شہر میاں چنوں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان اس گیم میں آرہے ہیں، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان سے ہم دو جیولین تھرور گئے تھے، گورنمنٹ ہمیں سپورٹ کررہی ہے، امید ہے آئندہ بھی گورنمنٹ ایسی ہی سپورٹ کرے گی۔
ارشد ندیم نے بتایا کہ کوڈ نے میرے لیے دن رات محنت کی ہے، اسلام آباد میں اکیڈمی تیار کررہے ہیں، والدین اپنی اولاد کیلئے ہمیشہ دعا کرتے ہیں، عوام کی دعاؤں سے اللہ نے عزت دی، پیرس اولمپکس میں بھی گولڈمیڈل عوام کی دعاؤں سے جیتا، ایشین ایتھلیٹکس گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنا بھی عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے ایک چھوٹے سے گاؤں سے سفر شروع کیا، آج پوری دنیا میں پاکستان کا نام روش ہورہا ہے، ہمارے ملک کے نوجوان بھی اس گیم میں ضرور آئیں، ستمبر میں ورلڈایتھلیٹکس چیمپئن شپ آرہی ہے، اس میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ جب انسان میدان میں اترتا ہے تو سب ہی حریف ہوتے ہیں اور گولڈ میڈل گولڈ میڈل ہی ہوتا ہے، کوچ نے میرے لیے رات دن محنت کی ہے، واپڈ لیسکو نے مجھے روزگار دیا ہوا ہے۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ عید کے بعد ورلڈ ایتھلیٹک چیمپئن شپ کے لیے انگلینڈ کا دورہ ہے، میرا اگلا پلان جو بھی ہوگا مجھے کوچ بتائیں گے، پوری کوشش ہوگی کہ جیت کر لوٹوں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے گاؤں میں اسٹیڈیم بن رہا ہے، اس پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، نوجوان کو پیغام دیتا ہوں کہ اسٹیڈیم بن رہا ہے میرے پاس آئیں اور سیکھیں۔