اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیو میں پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح

Published On 25 October,2025 08:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر اوورسیز چودھری سالک حسین، سینیٹر فیصل سلیم اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے شرکت کی جبکہ تقریب میں چیئرمین سی ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔

تقریب کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیٹلی بیکر، چودھری سالک حسین اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے ہمراہ پیڈل ٹینس بھی کھیلی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیڈل ٹینس کورٹ کے قیام سے ڈپلومیٹک کمیونٹی کو کھیل اور تفریح کی معیاری سہولت میسر آئے گی، کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی تزئین و آرائش پر کام شروع کر دیا گیا ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا، ڈپلومیٹک کمیونٹی کو تمام سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی تاکہ ان کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار اور محفوظ بنایا جا سکے۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو عالمی معیار کا دارالحکومت بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، کھیل اور ثقافت لوگوں کو جوڑنے کا اہم ذریعہ ہیں جبکہ مہمان نوازی اور خوش اخلاقی پاکستانی قوم کی پہچان ہیں۔