خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی میزبانی میں ہونیوالی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت کا فیصلہ چند روز بعد ہوگا۔
ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی، ملاقات میں محسن نقوی نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مابین حالیہ صورتحال پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ معاملے کو تمام دستیاب آپشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کیا جائے, ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) January 26, 2026
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مطابق ملاقات انتہائی مثبت اور تعمیری رہی جبکہ قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے تمام پہلوؤں پر غور جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو بتایا کہ آئی سی سی بھارت کے لیے ایک قانون اور دیگر ممالک کے لیے دوسرا قانون لاگو کرتا ہے، بھارت نے پہلے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی میزبانی قبول نہیں کی تھی، جس کے بعد اسے متبادل وینیو فراہم کیا گیا۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا، مگر آئی سی سی نے انہیں متبادل وینیو دینے کے بجائے ورلڈکپ سے خارج کر دیا۔
انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گا تو شمولیت کے عوض حاصل ہونے والی رقم بھی نہیں ملے گی، تاہم بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کی صورت میں نقصان زیادہ بھارت کو ہوگا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ سکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 7 فروری سے ہونا ہے، ایونٹ میں پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈولڈ ہیں۔