شاہد آفریدی کا بابر، شاہین، شاداب کو باہر بیٹھانے اور نئے لڑکوں کو موقع دینے کا مطالبہ

شاہد آفریدی کا بابر، شاہین، شاداب کو باہر بیٹھانے اور نئے لڑکوں کو موقع دینے کا مطالبہ

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کھلاڑیوں پر برہم ہوگئے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت کے خلا ف میچ میں ہم نے بہت غلطیاں کیں، بھارت جیت کا حق دار تھا، کپتان سلمان علی آغا کے فیصلے بالکل سمجھ نہیں آئے، ہمارا جو ٹرمپ کارڈ تھا عثمان طارق اسے 10 اوورز تک کیوں چھپائے رکھا۔

سابق کپتان نے شاہین آفریدی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاہین نے بھی اچھی بولنگ نہیں کی، پہلے اوور میں رنز کھانے کے بعد بھی آخری اوور شاہین کو دیا گیا جبکہ ہمارے پاس فہیم اشرف بھی موجود تھا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر میرے ہاتھ میں فیصلہ ہو تو میں شاہین ، شاداب خان اور بابر کو ٹیم سے باہر بٹھاؤں اور نئے لڑکوں کو موقع دوں، سابق کپتان نے کہا کہ سینیئرز پلیئرز کب سے کھیلتے آرہے ہیں، جہاں ہماری امید ہوتی ہے کہ یہ بڑی ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں، ان سے پرفارمنس نہیں ہوتی اس لیے نمیبیا کے خلاف اگلے میچ میں نئے لڑکوں کو چانس دینا چاہئے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے تھے، بھارت کے 176 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی ٹیم 18 اوور میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔