خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فٹبال کے لیے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت میں قومی فٹبال ٹیم کو افتتاحی فیفا آسیان کپ میں شرکت کی دعوت مل گئی ہے۔
پاکستان پہلی مرتبہ کسی کوالیفائیرز کے علاوہ کسی فیفا ٹورنامنٹ میں براہِ راست شرکت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق فیفا نے پاکستان کو ایونٹ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، جس کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے قومی ٹیم کی شرکت کی تصدیق کردی ہے۔
افتتاحی فیفا آسیان کپ 21 ستمبر سے 6 اکتوبر تک انڈونیشیا میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کو ڈویژن ون میں بھارت، میزبان انڈونیشیا، ملائشیا، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ جیسی ٹیموں کا سامنا ہوگا۔
یہ ٹورنامنٹ پاکستان فٹبال کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان فٹبال ٹیم پہلی بار فیفا کے کسی ایسے ایونٹ میں شرکت کرے گی جو ورلڈ کپ یا ایشین کوالیفائرز سے ہٹ کر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایونٹ میں شامل کیے جانے میں پی ایف ایف صدر محسن گیلانی کے فیفا حکام کے ساتھ بہتر تعلقات اور سفارتی روابط نے اہم کردار ادا کیا۔
ماہرین کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں شرکت پاکستان فٹبال کے لیے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع ثابت ہوسکتی ہے۔