خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے فیبا تھری آن تھری باسکٹ بال ورلڈ ٹور میں سربیا کی ٹیم یو بی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جرمنی کی باسکٹس بون کو 19 کے مقابلے میں 20 پوائنٹس سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
دبئی فیسٹیول سٹی مال کے فیسٹیول بے میں منعقدہ دو روزہ عالمی مقابلوں میں 12 ممالک کی 14 ٹیموں نے شرکت کی، جبکہ سربین ٹیم نے رواں سیزن میں اپنا چوتھا عالمی ٹائٹل حاصل کیا، 6 اور 7 نومبر کو منعقدہ ٹورنامنٹ کا اہتمام دبئی اسپورٹس کونسل نے عالمی باسکٹ بال تنظیم فیبا کی نگرانی اور متحدہ عرب امارات باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے کیا۔
یہ دبئی میں فیبا تھری آن تھری ورلڈ ٹور کا پہلا ایڈیشن تھا، جبکہ تین سالہ شراکت داری کے تحت 2028 تک دبئی میں اس عالمی ایونٹ کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔
فائنل مقابلے میں سربیا کی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 2 کے مقابلے میں 8 پوائنٹس کی برتری حاصل کی، تاہم جرمنی کی باسکٹس بون نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلے کو انتہائی دلچسپ بنا دیا۔
آخری لمحات میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، لیکن سربیا کی ٹیم ایک پوائنٹ کی برتری برقرار رکھتے ہوئے فاتح قرار پائی۔
سربیا کے اسٹراہینیا اسٹویاچچ کو شاندار کارکردگی پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے مجموعی طور پر 34 پوائنٹس اسکور کیے اور اہم مواقع پر اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا، یہ رواں سیزن میں دوسری مرتبہ تھا کہ انہیں ورلڈ ٹور کے کسی ایڈیشن میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔
ٹورنامنٹ کے دوران خصوصی مقابلوں میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے تعلق رکھنے والے ایڈرس ڈی لیون نے شوٹ آؤٹ مقابلہ جیتا، جبکہ پولینڈ کے پیوتر گرابوسکی نے شاندار ڈنک کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلم ڈنک مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔
میزبان دبئی کی ٹیم نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کی ڈی چنگ ٹیم کو 19 کے مقابلے میں 20 پوائنٹس سے شکست دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم ناک آؤٹ مرحلے میں کروشیا کی سیبونا ٹیم کے ہاتھوں 17 کے مقابلے میں 21 پوائنٹس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دبئی اسپورٹس کونسل کے مطابق عالمی ٹورنامنٹ کا انعقاد دبئی اسپورٹس سیکٹر اسٹریٹجک پلان 2033 کا حصہ ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کو فروغ دینا، نوجوانوں کو عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھنے کے مواقع فراہم کرنا اور دبئی کو عالمی کھیلوں کے اہم مرکز کے طور پر مزید مستحکم بنانا ہے۔