خلاصہ
- سوات: (دنیا نیوز) سوات میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے زیرِ اہتمام سوات پریمیئر کرکٹ لیگ سیزن 8 کا شاندار آغاز ہو گیا۔
ٹورنامنٹ کے مقابلے مینگورہ کے گراسی گراؤنڈ میں منعقد کیے جا رہے ہیں، جس میں ملک بھر سے نامور کرکٹ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، افتتاحی تقریب میں قومی کرکٹ ہیرو عبدالرزاق، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور، علاقے کے مشران، تاجر برادری، نوجوانوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں لیگ کے انعقاد کو علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنے کی اہم کاوش قرار دیا گیا۔
سوات پریمیئر کرکٹ لیگ کو مالاکنڈ ڈویژن کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ قرار دیا جاتا ہے، یہ ٹورنامنٹ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے، مقامی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور علاقے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
سوات پریمیئر کرکٹ لیگ کے مقابلے 11 دسمبر تک جاری رہیں گے، جس دوران کرکٹ شائقین کو مختلف ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔