خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس کی قیادت آل راؤنڈر فاطمہ ثناء کریں گی۔
فاطمہ ثناء کی بطور کپتان قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، وہ ویمنز بگ بیش لیگ میں مصروفیت کے باعث آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں تھیں۔
پاکستان ویمنز اسکواڈ میں کپتان فاطمہ ثناء ، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ شین ڈائٹز دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران پاکستان ویمنز ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ تمام میچز 8 سے 20 دسمبر تک روسو کے ونڈسر پارک میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 8، 10 اور 12 دسمبر کو جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز 15، 17 اور 20 دسمبر کو ہوں گے۔
ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہوگی۔ پاکستان ٹیم ایونٹ میں اب تک 9 میچز کھیل کر 5 فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔