خوشاب میں نیزہ بازی چیمپئن شپ، پنجاب بھر سے 80 ٹیموں کی شرکت

خوشاب میں نیزہ بازی چیمپئن شپ، پنجاب بھر سے 80 ٹیموں کی شرکت

اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت اور روایتی کھیل ہماری تاریخ اور تہذیبی شناخت کا اہم حصہ ہیں، نیزہ بازی محض کھیل نہیں بلکہ صدیوں پرانی روایات کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیزہ بازی گھڑ سواری کے فن، مہارت، بہادری اور نظم و ضبط کی عکاس ہے۔ پنجاب کی دھرتی اپنے ثقافتی رنگوں، میلوں اور روایتی کھیلوں کے حوالے سے منفرد شناخت رکھتی ہے، روایتی مقابلے ہماری ثقافت کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ملک محمد احمد خاں کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو اپنے تاریخی ورثے سے روشناس کرانا ضروری ہے، نیزہ بازی جیسے روایتی کھیلوں کو جدید تقاضوں کے مطابق فروغ دینے کی ضرورت ہے، نوجوان نسل روایتی کھیلوں میں بھرپور حصہ لے تاکہ ثقافتی روایات آئندہ نسلوں تک منتقل ہو سکیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ خوشاب میں نیزہ بازی کے شاندار مقابلوں کا انعقاد قابل تحسین ہے، 80 ٹیموں کی شرکت اس کھیل سے عوامی دلچسپی اور وابستگی کا اظہار ہے۔ روایتی مقابلے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، مثبت سرگرمیوں، باہمی ہم آہنگی اور صحت مند معاشرے کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے پنجاب کے روایتی کھیلوں، میلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کی سرپرستی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے مقابلوں کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب میں ممبران پنجاب اسمبلی ملک آصف بھا، صفدر ساہی، ملک احمد سعید، عارف گل، نور الامین وٹو، شہباز کھوکھر، چودھری شیر علی، ملک منصور افسر اور ملک افتخار سمیت سابق سینیٹر غوث علی نیازی، خاور حیات، محمد عاطف حسنین، معززین اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔