سبزیوں میں شفاء

Published On 04 May 2017 12:32 PM 

سبزیوں میں موجود تمام غذائی اجزاء،وٹامنز،معدنیات اور خاص طور پر فائبر (ریشہ) وغیرہ مختلف بیماریوں سے نجات دلاتے ہیں۔

لاہور:(روزنامہ دنیا) سبزیوں میں تمام غذائی اجزاء،وٹامنز،معدنیات اور خاص طور پر فائبر (ریشہ) وغیرہ موجود ہوتے ہیں،ذیل میں سبزیوں کے فوائد اور مختلف بیماریوں میں ان کی افادیت کے بارے میں معلومات دی جا رہی ہیں۔

پالک

اس میں فولاد اور نمکیات زیادہ ہوتے ہیں،پالک سے جگر کو تقویت ملتی ہے،یہ خون کو صاف کرتا ہے،فالج میں فائدہ مند ہے اور خون کی شریانوں کی سختی دور کرتا ہے،بلڈ پریشر کم کرتا ہے۔ مٹی، کوئلہ کھانے سے بچوں کا رنگ پیلا پڑ جاتا ہے اور پیٹ پھول جاتا ہے،ایسے بچوں کو پالک، میتھی، اور شلغم کثرت سے کھلائیں،یرقان میں پتوں کا سوپ نمک ملا کر پلائیں،پالک پیس کر بالوں کی جڑوں میں لگا کر گھنٹہ بعد سر دھونے سے بال گرنا بند ہو جاتے ہیں،دانتوں مسوڑھوں کے لیے مفید ہے۔

چقندر

گنے کی طرح چقندر سے بھی چینی تیار ہوتی ہے،بلغم اور کینسر کے مریض روزانہ ایک سیر کھائیں،پتوں کو جوش دے کر سر دھونے سے خشکی دور ہوتی ہے اور سر کی جوئیں مر جاتی ہیں،گردے کی پتھری کے لیے چقندر کو پانی میں اتنا ابالیں کہ پانی گاڑھا ہو جائے۔ یہ روزانہ ایک کپ دن میں 3، 4 بار پئیں،گردہ کی پتھریاں ریزہ ریزہ ہو کر خارج ہو جائیں گے۔

کچنار

کچنار ایک لذیز سبزی ہے،اس کی چھال کا جوشاندہ خون صاف کرتا ہے،ملیریا میں بھی یہ جوشاندہ مفید ہے،کچنار کھانے سے پھوڑے پھنسیاں ختم ہوتی ہیں،دستوں کے لیے اکسیر ہے،اسے کھانے سے بواسیر ختم ہو جاتی ہے،کچنار کی چھال کے جوشاندے میں سونٹھ ملا کر پینے سے پھوڑے ختم اور سفید داغ دور ہو جاتے ہیں۔

شلغم

شلغم گوشت ایک مرغوب ڈش ہے،شلغم میں کیلشیم،فاسفورس، پروٹین، فولاد، وٹامنC کی کافی مقدار ہوتی ہے جس کی وجہ سے اسے کھانے سے اعصاب کو تقویت ملتی ہے،نظر تیز ہوتی ہے اور قوت مدافعت بڑھتی ہے،اس کے پتوں میں کیلشیم زیادہ ہوتا ہے، اس لیے ہڈیوں،دانتوں، پٹھوں کے لیے مفید ہے،بچوں کو اس کے پتوں کا رس پلانا مفید ہے۔

آلو

آلو کو بجا طور پر سبزیوں کا بادشاہ کہا جا سکتا ہے،کھانے کی کوئی ڈش آلو کے بغیر مکمل نہیں ہوتی ہے،آلو معدنیات اور نشاستہ کا خزانہ ہے،اس میں کیلشیم،پوٹاشیم، فاسفورس اور فولاد کی کافی مقدار کے علاوہ سوڈیم میگنیشیم، گندھک، کلورین، آیوڈین، تانبا وغیرہ بھی پائے جاتے ہیں،جلے ہوئے پر آلو کا رس لگائیں،جلن دور ہوگی،گردوں کے درد اور پتھری میں آلووں کی چاٹ میں روغن زیتون ڈال کر کھائیں،جوڑوں کے درد اور دوسرے دردوں میں آگ پر بھنا ہوا آلو ایک عدد، ٹماٹر ایک عدد تھوڑا سا ادرک، ایک لیموں اور ایک چمچ سرکہ ڈال کر نمک مرچ ملا کر کھائیں جلد آرام آئے گا،آلو کے ساتھ چقندر گاجر یا کریلے دونوں ہم وزن گوشت میں یا بغیر گوشت پکا کر کھائیں تو معدہ میں جلن ختم،پیٹ میں درد اور سر درد دور ہوگا، بھاپ یا تنور میں بھنے آلوئوں میں مکھن، کریم ملا کر بچوں کو کھلانے سے ان کی نشوونما بڑھتی ہے اور وزن زیادہ ہوتا ہے۔

(یہ تحریر روزنامہ دنیا میں شائع ہوئی)