بچوں کیلئے ٹی وی، موبائل سکرین دیکھنے کی حد مقرر

Last Updated On 28 April,2019 11:20 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ٹی وی، موبائل فون سمیت الیکٹرونک مصنوعات سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں جن کے مطابق پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو صرف ایک گھنٹے تک سکرین دکھائی جائے جبکہ ایک سال سے کم دودھ پیتے بچوں کیلئے سکرین انتہائی مضر قرار دی گئی ہے۔

نئی تحقیق کی روشنی میں اقوامِ متحدہ کے ذیلی عالمی ادارہ برائے صحت کے حوالے سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ایک سال سے کم عمر کے بچوں کی بصارت پیدائش کے بعد بھی تشکیل پا رہی ہوتی ہے، اس لیے انہیں ایک منٹ کے لیے بھی غیر فطری ماحول یعنی ٹی وی یا موبائل فون، ٹیبلٹ سکرین کو دیکھنے نہ دیا جائے جبکہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹہ سکرین دیکھنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ بچے کو بہلانے کیلئے ٹیبلٹ یا فون دینے سے والدین ہر صورت گریز کریں۔ 

بچوں کی درست خطوط پر پرورش کیلئے ان کی نیند کا خیال رکھنا بھی انتہائی ضروری قرار دیا گیا ہے، ایک سال سے کم عمر بچوں کو بھرپور نیند بھی ملنی چاہیے۔ ہاں اگر بچے کی عمر ایک سے دو سال ہوجائے تو سکرین ٹائم ایک گھنٹے سے بھی کم رکھا جائے جبکہ اسے کم ازکم تین گھنٹے کی کوئی جسمانی سرگرمی یا کھیل میں مصروف رکھنا ضروری ہے۔