ریوڈی جنیرو: (روزنامہ دنیا) چہرہ الو جیسا اور جسامت بڑے گدھ کی طرح، یہ عجیب و غریب پرندہ چیل کی نسل سے تعلق رکھتا ہے جسے ‘‘ہارپی ایگل’’ کہا جاتا ہے ۔ یہ پرندہ شاندار اور بہت بڑا ہے جسے دیکھ کر ہرکوئی ششدر رہ جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس پرندے کی آنکھوں میں خاص چمک اور ہیبت ہے جو شاید یہ کہتی ہے کہ میرے پاس نہ آنا ورنہ بہت برا ہوگا۔ اس کے تیز نوکیلے پنجے دیکھ کر جھرجھری طاری ہو جاتی ہے اور بعض حوالوں کے مطابق یہ چیل کی نسل کا سب سے بڑا پرندہ ہے جس کا وزن 5 سے 9 کلو گرام تک ہوسکتا ہے جبکہ مادہ کا وزن 12 کلوگرام تک ہوسکتا ہے۔
ہارپی ایگل بہت طاقتور ہوتے ہیں اور ان کے بازوؤں کا گھیر 7 فٹ تک پہنچ جاتا ہے، ان کے قدرتی گھر تیزی سے تباہ ہو رہے ہیں اور اسی بنا پر ہارپی ایگل کی بقا کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔
پوری دنیا میں ان کی آبادی 50 ہزار ہی باقی رہ گئی ہے جو ایک تشویشناک امر ہے۔ برازیل میں اسے شاہی شکرا (دی رائل ہاک) کہا جاتا ہے۔ ہارپی ایگل چھوٹے پرندوں، کانٹے دار چوہوں، سلاتھ، چھوٹے پرندوں، سانپوں اور گرگٹ وغیرہ کو شوق سے کھاتے ہیں۔ اس کے ناخنوں کی لمبائی چار انچ تک ہوتی ہے اوریہ اپنے پنجوں سے بڑے جانور کو آسانی سے دبوچ لیتے ہیں۔