لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر نے اشتہارات کیلئے صارفین کا ڈیٹا استعمال کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ صارفین کے فون نمبر اور ای میل ایڈریس نادانستہ طور پر استعمال ہوئے ہیں۔
یاد رہے ٹوئٹر پر اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے صارفین اپنا فون نمبر اور ای میل ایڈریس فراہم کرتے ہیں، ویب سائٹ کے بیان کے مطابق صارفین کا ڈیٹا مخصوص اہداف (ٹیلرڈ آڈئینس اور پارٹنر آئیڈینس اشتہارت) کے نظام ذریعے استعمال ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویٹر کی سخت نئی پالیسی، ناپسندیدہ پیغامات کیلئے نیا فلٹر متعارف
ٹوئٹر کے مطابق ٹیلرڈ آڈئینس فیچر کے ذریعے ایڈورٹائزر، مارکیٹینگ لسٹ کے مطابق پروڈکٹ صارفین تک پہنچاتا ہے جبکہ پارٹنر آئیڈینس فیچر بھی ٹیلرڈ آڈئینس فیچر کا استعمال کرتے ہیں اور تھرڈ پارٹی کی جانب سے فراہم کیے گئے اشتہارات صارفین تک پہنچاتے ہیں۔
ٹویٹر کا کہنا تھا کہ ہمیں حال ہی میں معلوم ہوا ہے کہ اکاؤنٹ کی سکیورٹی کے لیے فراہم کیے گئے کچھ ای میل اڈریس اور فون نمبرز کو غیر ارادی طور پر استعمال کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے کسی کی ذاتی معلومات کمپنی سے باہر کسی بھی پارٹی یا پارٹنر کے ساتھ شئیر نہیں ہوئے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ٹوئٹر صارفین اس صورتحال سے آگاہ ہوں، گذشتہ 17 ستمبر تک اس مسئلے کو حل کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی معذرت خواہ ہے کہ ایسا ہوا، ہم ایسی غلطی دوبارہ نہ دہرانے کے لیے اقدامات لے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ فیس بک اور ٹوئٹر پر نظر رکھنے والے اداروں کی وجہ سے پرائیویسی اور انٹرنیٹ ڈیٹا دنیا بھر میں اہم موضوعات ہیں۔