سڈنی: (روزنامہ دنیا) خواتین ہوشیار ہو جائیں، ایک تازہ ترین تحقیق کے مطابق بالوں کو رنگ کرنے اور سیدھے کرنے والی مصنوعات کے استعمال سے خواتین میں چھاتی کے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سیاہ بالوں کیلئے ایسی مصنوعات خاص طور پر انتہائی خطرناک ہوتی ہیں۔ ایک روز قبل انٹرنیشنل جرنل آف کینسر میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق محققین نے بالوں کو ڈائی کرنے اور سیدھا کرنے والی قریب 47 ہزار خواتین کی صحت کا 6 سال تک جائزہ لیا۔
جائزے سے پتہ چلا کہ بالوں کے لیے دستیاب مصنوعات میں اینڈوکرین ڈسرپٹرز‘ چھاتی کے سرطان کا سبب بنتے ہیں اور بال رنگنے والی مصنوعات کے استعمال اور کینسر میں براہ راست تعلق موجود پایا گیا۔
دریں اثنا بالوں کو سیدھا کرنے والی مصنوعات کے بھی انتہائی مضر اثرات پائے گئے، اس تحقیق میں بالوں کو سیدھا کرنے والی 74 فیصد خواتین بریسٹ کینسر میں مبتلا ہوئیں جبکہ سفید فام خواتین میں یہ شرح 7 فیصد تھی، ماہرین نے خواتین کو بازار میں دستیاب مصنوعات کے اجزا اچھی طرح چیک کرنے کے بعد استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ کینسر جیسی مہلک امراض سے بچا جا سکے۔