سمارٹ فون چہرے پر چوٹ لگنے کی سب سے بڑی وجہ

Last Updated On 10 December,2019 03:38 pm

نیوجرسی: (روزنامہ دنیا) ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کے مطابق سیل فون سے چہرے پر زخموں اور چوٹ لگنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ تحقیق جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہوئی ہے جس میں ایک غیر معمولی واقعہ بتایا گیا ہے کس طرح ایک خاتون کے چہرے پر سخت کیسنگ والا فون گرا اور ان کی ناک کی ہڈی پر گہرا زخم آ گیا۔

رٹگرز نیوجرسی میڈیکل سکول کے ڈاکٹر بورس پیشکوور نے گزشتہ 20 برس سے جو ڈیٹا جمع کیا ہے اس کے مطابق 2006 سے ایسے واقعات میں اضافہ ہوا جب سمارٹ فون مشہور ہوا تھا۔ ان واقعات میں کئی افراد کو ہنگامی طور پر ہسپتال بھی لے جانا پڑا کیونکہ چوٹ اتنی شدید تھی کہ ناک کی ہڈی بھی متاثر ہوئی۔
کئی لوگ ڈھلان اترتے ہوئے سمارٹ فون استعمال کرنے میں اتنے مگن تھے کہ گر پڑے، بعض کو معمولی خراشیں آئیں تاہم چند افراد کو فریکچر بھی ہوا، سڑکیں عبور کرتے ہوئے سمارٹ فون استعمال کرنے کے حادثات اس کے علاوہ ہیں۔

طبی ماہرین نے لوگوں کو چلتے ہوئے سمارٹ فون استعمال کرنے سے منع کیا ہے تاکہ وہ خطرے سے بچے رہیں، خصوصا سڑک کراس کرتے ہوئے موبائل فون کا استعمال کسی سنگین حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔