پی ٹی اے کی بیلنس لوڈ سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہوں کی تردید

Last Updated On 22 January,2020 09:18 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پر بیلنس لوڈ کرنے پر پیسوں کی کٹوتی کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی وضاحت کردی۔

 اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موبائل فون آپریٹرز ریچارج یا ری لوڈ پر سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اپریل 2019 سے ٹیکس کی بحالی کے بعد صرف ود ہولڈنگ ٹیکس اور جنرل سیلز ٹیکس وصول کررہے ہیں
سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش ہیں کہ مختلف کمپنیز کی جانب سے 100 روپے کے کارڈ پر 76 روپے کا لوڈ دیا جارہا ہے اور 24 روپے کی کٹوتی کی جارہی ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارف کی جانب سے مکمل بیلنس کے استعمال کے بعد جی ایس ٹی کی مد میں 14 روپے 50 پیسے لاگو ہوتے ہیں، صارفین کو ٹیکسز کے حوالے سے صحیح آگاہی نہ ہونے کے باعث یہ تاثر ملتا ہے کہ زیادہ پیسوں کی کٹوتی کی جاتی ہے۔