اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے باوجود 200 سے زائد آئی ٹی کمپنیاں بند اور 5000 سے زائد افراد بیروزگا ر ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیلتھ کیئر اور گڈز سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کے کاروبار میں تو بہتری آئی ہے تاہم کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث آئی ٹی کمپنیاں مشکلات کاشکار ہو گئی ہیں، کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث ہوٹلنگ، ایئر ٹریولنگ، ا یئر ٹکٹنگ، سپورٹس، ٹورازم سمیت دیگر شعبوں کو آئی ٹی سروسز فراہم کرنے والی کمپنیاں مالی مشکلات کاشکار ہو گئیں۔
ایک ہزار سے زائد کمپنیوں نے ملازمین کی تعداد میں کمی کردی ہے تاہم ملک میں ہیلتھ کیئر اور سروسز سے وابستہ آئی ٹی کمپنیوں کی تجارت میں اضافہ ہوا ہے اور متعدد کمپنیوں نے ہیلتھ کیئر سروسز کی فراہمی کیلئے منصوبے شروع کر دئیے، پاکستان میں 6000 سے زیادہ آئی ٹی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں ۔