ہاتھ کے اشاروں کی ترجمانی کرنیوالا دَستانہ ایجاد

Last Updated On 02 July,2020 12:33 pm

کیلیفورنیا: (روزنامہ دنیا) ہاتھ کے اشاروں کی ترجمانی کرنے والا دستانہ ایجاد کرلیا گیا ہے جو آسانی کے ساتھ سماعت سے محروم افراد کی بات سمجھنے میں مدد فراہم کرے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دستانے کی چاروں انگلیوں اور انگوٹھوں کے خانوں میں سینسرز لگائے گئے ہیں جن کی مدد سے امریکن سائن لینگوئج میں اشاروں سے ادا کئے گئے لفظ، فقرے یا حروف کی ترجمانی ممکن ہوگی۔

اشارے سے کسی لفظ یا فقرے کی ادائیگی کے بعد سینسرز کے ذریعے پیغام سمارٹ فون تک فی سیکنڈ ایک لفظ کی رفتار سے منتقل ہوگا۔ منتقلی کے بعد فون سے آواز کے طورپر متعلقہ لفظ یا جملے کی ادائیگی ہوجائے گی۔

یہ دستانہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس کے سائنس دانوں نے بنایا ہے۔ اس منصوبے کے نگران محقق جن چین کا کہنا ہے کہ امید ہے اس کے ذریعے اشاروں کی زبان استعمال کرنے والوں کو اپنی بات اس زبان سے ناواقف افراد تک پہنچانے میں آسانی میسر آئے گی۔