واٹس ایپ نے متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کردیا

Last Updated On 02 July,2020 09:37 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی معروف کمپنی واٹس ایپ نے متعدد نئے فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو جلد ہی صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

واٹس ایپ نے کائی آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے فیچرز فون میں سٹیٹس فیچر کا اضافہ ہے۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ ورژن اور ڈیسک ٹاپ سروس کے لیے ایک نیا ڈارک موڈ بھی پیش کیا گیا ہے۔

انیمیٹڈ سٹیکر پیکس فیچر بھی اس کا حصہ ہے جس کی آزمائش بیٹاورژن میں بھی ہو رہی تھی۔ ان میں انیمیشن کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نئے فیچر کے تحت صارف کال میں شریک کسی فرد کے آئیکون کو کچھ دیر تک دبا کر فل سکرین میں دیکھ سکے گا۔ گروپ چیٹس میں ایک ویڈیو آئیکون بھی دیا جا رہا ہے تاکہ سنگل کلک سے گروپ ویڈیو کال شروع کی جا سکے۔ مگر یہ ان گروپس میں ہی نظر آئے گا جس میں لوگوں کی تعداد 8 یا اس سے کم ہوگی۔

ان میں سے ایک فیچر نئے کانٹیکٹس کو آسانی سے ایڈ کرنے کے حوالے سے ہے اور اس مقصد کے لیے واٹس ایپ نے نیا کیو آر کوڈ متعارف کرایا ہے۔

اس فیچر کی بدولت صارف کسی دوسرے صارف کے کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے کانٹیکٹس میں شامل کرسکے گا، یعنی فون نمبر کو ٹائپ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

یہ فیچر کئی ماہ پہلے بیٹا ورژن میں آیا تھا اور اب تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے۔

اسی طرح ایک فیچر ویڈیو کالز کے حوالے سے ہے جس کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

واٹس ایپ کا کہنا تھا کہ ویب ورژن کے لیے ڈارک موڈ اور کائی او ایس کا اسٹیٹس فیچر اب لائیو ہے جبکہ دیگر فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔