اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پب جی گیم بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پب جی پر پابندی کے خلاف محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پی ٹی اے کا پب جی پر پابندی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا پی ٹی اے پب جی گیم کو فوری کھول دے۔
قبل ازیں پی ٹی اے نے پب جی پر پابندی عائد کر دی تھی جو لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت کی روشنی میں 9 جولائی کو کی گئی تفصیلی سماعت کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا۔ سماعت میں دلچسپی کے حامل دیگر فریقین نے بھی شرکت کی۔ پی ٹی اے نے پب جی کی انتظامیہ سے پب جی کے سیشنز، پاکستان میں استعمال کنندگان کی تعداد اور کمپنی کی طرف سے نافذ کردہ کنٹرولز کی تفصیلات طلب کی تھیں تاہم پب جی کی طرف سے جواب موصول نہیں ہوا۔ تاہم اب عدالت نے پابندی ہٹانے کا حکم دیدیا ہے۔