ویڈیو گیمز اور اینیمیشن کے پروگرام آئندہ 3 ماہ میں شروع ہو جائینگے: فواد چودھری

Published On 02 December,2020 05:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ تین ماہ کے اندر پاکستان میں نوجوانوں کی ٹریننگ کیلئے ویڈیو گیمز اور اینیمیشن کے خصوصی پروگرامز کا آغاز کر دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ایک بیان میں بتائی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وہ آج اینیمیشن اور ویڈیو گیمنگ انڈسٹری سے وابستہ نوجوانوں سے بات چیت کرکے بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے سائنس نے اپنی ٹویٹ میں اعلان کیا کہ خصوصی پراگراموں کے سلسلے میں ہزاروں نوجوانوں پر مشتمل پہلے بیچ کی ٹریننگ آئندہ تین میں شروع کر دی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فواد چودھری نے اپنی ٹویٹ میں نوجوانوں کو خوشخبری دیتے ہوئے لکھا تھا کہ اگر آپ کو پڑھنے سے دلچسپی نہیں اور فون پر ویڈیو گیمز سے رغبت ہے تو تیاری رکھیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت ویڈیو گیمز پروگرامنگ کا خصوصی پروگرام لا رہی ہے تاکہ ہم 90 ارب ڈالر کی اس انڈسٹری کاحصہ بن سکیں۔ اینیمیشن اور ویڈیو گیمز سرٹیفیکیشن پروگرام نوجوانوں کیلئے گیمز ہی نہیں گیم چینجر ہوں گے۔