اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے نئے قوانین لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے حالیہ اقدام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تبدیلیوں کیلئے مشاورت ہونی چاہیے اور اس کے بعد ہی انھیں نافذ کرنا چاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اپنے شہریوں کی پرائیویسی کے تحفظ کیلئے مضبوط قانون متعارف کروانے پر غور کر رہی ہے۔
ادھر واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھکارٹ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ نئی پالیسی سے صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی وجہ سے ہم صارفین کے نجی پیغامات کو نہیں دیکھ سکتے۔