پی ٹی اے کا اہم اقدام، چوری اور گمشدہ فون بلاک کرنے کے لئے نیا نظام نافذ

Published On 07 April,2021 05:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چوری اور گمشدہ فون بلاک کرنے کے لئے نیا نظام نافذ، گمشدہ، چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کو بلاک کرنے کے لئے نئے خود کار ڈیوائس سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی حکام کے مطابق نیا نظام ان صارفین کے لئے مددگار ثابت ہو گا جو موبائل فون چوری ہونے، چھینے جانے یا گم ہو جانے کی صورت میں اسے بلاک کرانا چاہتے ہیں۔

نئے نظام کے تحت صارفین اپنے موبائل کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لئے ایسے فون سیٹ کے آئی ایم ای آئی بلاک کرانے کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو درخواست دے سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق ایل ایس ڈی ایس ایک خودکار نظام ہے اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی ڈی آئی آر بی ایس کے ساتھ مربوط ہے۔ اس سسٹم کے تحت چوری شدہ موبائل فون شکایت کے اندراج کے بعد ضروری تصدیق کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر بلاک کر دیا جائے گا۔

صارفین پی ٹٰی اے کی ویب سائٹ پر موجود کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت فون بلاکنگ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق بلاکنگ درخواست کے کامیاب اندراج کے بعد درخواست کنندہ کو ایک حوالہ نمبر فراہم کیا جائے گا۔ گمشدہ فون مل جانے کی صورت میں شکایت کنندہ کو ان بلاکنگ کے لئے بھی اسی طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔
 

Advertisement