خلائی جہاز نے سورج کی فضا سے گزر کر تاریخ رقم کر دی

Published On 16 December,2021 11:25 am

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) پارکر سولر پروب مشن کے تحت خلائی جہاز نے سورج کی فضا سے گزرنے میں کامیابی حاصل کر لی جسے ناسا نے تاریخی موقع قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پارکر خلائی جہاز نے سورج کے گرد موجود خطے میں کچھ ہی دیر میں غوطہ لگایا، یونیورسٹی آف برکلے کے سٹوارٹ بیل کے مطابق خلائی جہاز کے ڈیٹا سے معلوم ہوتا ہےکہ یہ 5 گھنٹوں میں 3 مرتبہ اس لکیر کے اوپر اور نیچے سے ہو کر گزرا۔

ناسا کی سائنسی ماہر نکولا فوکس کہتی ہیں کہ جس طرح چاندپر کھڑے ہونے سے سائنس دانوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ یہ کیسے وجود میں آیا، ویسے ہی سورج کو چھونا انسانیت کے لئے بہت بڑا تاریخی واقعہ ہے۔ پارکر سولر پروب کا مقصد سورج کے سامنے بار بار اور قریب سے قریب تر گزرنا ہے۔ اس خلائی جہاز کی رفتار 5 لاکھ کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

یہ ایسی حکمت عملی سے سفر کرتا ہے کہ سورج کی فضا میں فوری داخل ہو کر فوری باہر نکل آئے۔ اس دوران شدید گرمی سے بچاو والی اپنی موٹی ہیٹ شیلڈ کے پیچھے چھپ کر اپنے آلات کے ذریعے اعدادوشمار اکٹھے کرے۔
 

Advertisement