روبوٹ کمپنی کو جیتے جاگتے انسان کی آواز اور چہرے کی ضرورت

Published On 10 December,2021 12:41 pm

ماسکو: (روزنامہ دنیا) روس کی روبوٹکس کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ جو کوئی بھی اپنے چہرے کے خدوحال اور آواز کو استعمال کرنے کی قانونی اجازت دے گا تو اسے 2 لاکھ ڈالر (ساڑھے 3 کروڑ روپے پاکستانی) کا معاوضہ دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ پیشکش پرومو بوٹ کمپنی کی طرف سے کی گئی ہے جو صنعتی اور تجارتی پیمانے پر انسان نما روبوٹ بنانے والی روسی کمپنی ہے۔ پروموبوٹ کا کہنا ہے کہ حال ہی میں انہیں ایک بڑے بین الاقوامی کلائنٹ کی طرف سے ایسا روبوٹ تیار کرنے کا آرڈر ملا ہے جس کا چہرہ اور آواز دونوں کسی حقیقی اور جیتے جاگتے انسان کے ہوں۔

پروموبوٹ کا کلائنٹ جیسے ہی کسی شخص کے چہرے کو حتمی طور پر منتخب کرے گا، قانونی معاہدے کے بعد اس شخص کے چہرے کا 3 ڈی ماڈل بنایا جائےگا تاکہ روبوٹ کو وہ چہرہ دیا جا سکے۔ منتخب شخص کو 100گھنٹے کی اپنی آواز ریکارڈ کروانا ہو گی۔
 

Advertisement