15 سال پرانا سیل پیک آئی فون 84 لاکھ روپے میں فروخت

Published On 18 October,2022 01:51 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)15 سال پرانے ایک اسمارٹ فون کو خریدنے کے لئے آپ کتنے پیسے خرچ کرنا پسند کریں گے خاص طور پر اگر وہ ایسی ڈیوائس ہو جس نے نئی تاریخ رقم کی تھی؟۔

ایک فرد نے اس کا جواب 39 ہزار ڈالرز (84 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں اوریجنل آئی فون کو خرید کر دیا۔

8جی بی اسٹوریج والا یہ آئی فون 2007 میں 599 ڈالرز میں فروخت کے لئے پیش کیا گیا تھا اور افراط زر کو مدنظر رکھا جائے تو موجودہ دور میں یہ قیمت 852 ڈالرز بنتی ہے، اس آئی فون کی نیلامی کا آغاز اڑھائی ہزار ڈالرز سے ہوا تھا۔

نیلامی کرنے والے ایل سی جی آکشن کے بانی مارک مونٹیرو نے بتایا کہ ہمیں توقع تھی کہ یہ 10 ہزار ڈالرز تک فروخت ہوجائے گا مگر یہ ہماری توقع سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوا۔

خیال رہے کہ اسٹیو جابز نے 2007 میں پہلے آئی فون کو متعارف کرایا تھا اور اس کے لاکھوں یونٹس فروخت ہوئے تھے، ابھی جو فون نیلام ہوا وہ کبھی فروخت نہیں ہوا تھا جس میں 8 جی بی اسٹوریج کے ساتھ 2 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔

اس کے مقابلے میں نئے آئی فون 14 میں 128 جی بی اسٹوریج اور 12 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ ایک الٹرا وائیڈ لینس بھی دیا گیا ہے۔