وزارت خزانہ نے گوگل کو ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کر دی

Published On 01 December,2022 11:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کی تجویز مانتے ہوئے گوگل کو ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کر دی۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ نے رابطہ کیا اور گوگل کو ادائیگیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، امین الحق کا کہنا ہے کہ ادائیگیاں شیڈول کے مطابق کی جاسکیں گی اور پاکستان میں پیڈ گوگل ایپس بند نہیں ہوں گی۔

امین الحق نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو ہدایت کر دی ہے کہ ایک ماہ تک پالیسی پر عملدرآمد مؤخر کر دیں، ٹیلی کام آپریٹرز کو ادائیگیوں کے طریقہ کار پر عملدرآمد کے لئے ایک ماہ کا وقت دیدیا گیا ہے، ایک ماہ میں وزارت آئی ٹی اور وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک کی مشاورت سے لائحہ عمل بنائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام آپریٹرز نے وزارت آئی ٹی سے معاملے پر معاونت کی اپیل کی تھی جس پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ادائیگیاں کرنے اور ٹائم فریم دینے کے لیے مراسلہ لکھا تھا، بروقت فیصلے پر وزیر خزانہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ کے مشکور ہیں۔
 

Advertisement