رنگ تبدیل کر کے عمارتوں کو گرم اور سرد رکھنے والا مٹیریل تیار

Published On 28 January,2023 09:40 am

شکاگو: (ویب ڈیسک) جامعہ شکاگو کے ماہرین نے سالماتی سطح پر کام کرنے والا ایک ایسا تعمیراتی مٹیریل بنایا ہے جو موسم گرم اور سرد ہونے کی وجہ سے رنگ بدل کر یا تو گرمی جذب کرے گا یا پھر حرارت خارج کرے گا۔

گرم دنوں میں یہ عمارت پر پڑنے والی 92 فیصد حرارت خارج کر کے ہوا میں لوٹا دے گا جس سے عمارت نہ صرف ٹھنڈی رہے گی بلکہ ایئرکنڈیشنڈ کا بل بھی کم آئے گا، دوسری جانب سرد موسم میں یہ اطراف کی حرارت کی صرف 7 فیصد مقدار ہی جمع کر سکے گا تاہم اس سے بلڈنگ کو گرم رکھنے میں کچھ نہ کچھ مدد ضرور ملے گی۔

جامعہ میں سالماتی انجینئرنگ کے نائب پروفیسر پو چُن سو اور ان کے ساتھیوں نے یہ کم خرچ اور مؤثر مٹیریل بنایا ہے، اس سے ایک جانب تو توانائی کی بچت ہوگی تو دوسری جانب عمارتوں کو ٹھنڈا اور گرم رکھنے والےنظام کو ماحول دوست بنایا جائے گا۔

سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ مٹیریل آگ پکڑنے والا نہیں اور ہر قسم کے مضر کیمیکل سے پاک ہے، اس میں ایک جانب تو ٹھوس تانبے کی پرت ہے جو حرارت جذب کرتی ہے جبکہ ایک محولو ہے جو انفراریڈ کی صورت میں حرارت باہر بھیجتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کیفیات میں یہ فوری طور پر اپنی ماہیت تبدیل کرتا ہے اور بار بار دھاتی یا مائع صورت میں بدل جاتا ہے، اس طرح کل 1800 مرتبہ یہ سرد گرم کے چکر سے گزر کر کام کر سکتا ہے۔

اگلے مرحلے میں ماہرین نے کمپیوٹر ماڈل سے 15 امریکی ریاستوں میں اس کی افادیت کا اندازہ لگایا ہے، یہ عمارت میں بجلی کی کھپت میں 0.2 فیصد کمی کر سکتا ہے اور ایک سال میں یہ شرح 8.4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، اس طرح ہزاروں لاکھوں عمارتوں میں اس کا وسیع اثر دیکھا جاسکتا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق اس مٹیریل کی صرف 6 سینٹی میٹر پرت کافی ہوگی جو اپنے پورے اثرات ظاہر کرے گی۔
 

Advertisement