فرانس بھی ٹک ٹاک پر پابندی لگانے والے ممالک میں شامل

Published On 26 March,2023 10:02 am

پیرس: (ویب ڈیسک) چینی ایپلی کیشن پر پابندی کے بعد فرانس بھی ٹک ٹاک پر پابندی لگانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا۔

فرانس کی جانب سے سرکاری ملازمین کے فون پر ٹک ٹاک سمیت دیگر ایپلی کیشنز کے ’ری کریئیشنل‘ استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔

فرانس کی پبلک سیکٹر ٹرانسفارمیشن اور سول سروسز کی وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت کی طرف سے عائد کی گئی پابندی پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین اور انتظامیہ کی سائبر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے ملازمین کے پروفیشنل فون پر ٹک ٹاک جیسی ’ری کریئشنل‘ ایپلی کیشنز کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق فرانس کے یورپی اور بین الاقوامی پارٹنرز کی جانب سے چینی ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی ڈاؤن لوڈنگ اور استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی، سکیورٹی خدشات کے بنا پر فرانس نے بھی ایپلی کیشن پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے تاہم پروفیشنل معاملات میں ایپلی کیشن کے استعمال کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا، کینیڈا، برطانیہ، نیدرلینڈ، بیلجیئم اور نیوزی لینڈ سمیت دیگر ممالک کی جانب سے ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی۔