پشاور:(دنیا نیوز) ہیلتھ انشورنس سکیم کی کامیابی کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کا سماجی تحفظ کے لئے ایک اور انقلابی اقدام کیا ہے، صحت کارڈ سکیم میں لائف انشورنس سکیم کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لائف انشورنس سکیم پر عملدرآمد کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے سلسلے میں آج وزیر اعلیٰ ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں صحت کارڈ سکیم اور سٹیٹ لائف انشورنس کے حکام نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے، معاہدے کے بعد خیبر پختونخوا انشورنس سکیم شروع کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔
تقریب سے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام کے لئے فخر اور خوشی کی بات ہے، سکیم نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کی منفرد اور پہلا فلاحی منصوبہ ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوانے کہا کہ سکیم کے تحت 60سال تک کی عمر کے خاندان سربراہ کی وفات پر ورثا کو 10 لاکھ روپے دئیے جائیں گے، 60 سال سے زائد عمر کے خاندان سربراہ کی وفات پر خاندان کو پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لائف انشورنس سکیم کے تحت ایک کروڑ چار لاکھ سے زائد خاندان مستفید ہوں گے، لائف انشورنس سکیم پر سالانہ ساڑھے چار ارب روپے لاگت آئے گی جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔