پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے امراض قلب کے آپریشن صحت کارڈ کے تحت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صحت کارڈ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے شہریوں کی لائف انشورنس کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کی تجویز سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو باضابطہ پلان تیار کرکے منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے صحت کارڈ کے تحت امراض قلب کے آپریشنز نہ ہونے کی شکایات کا نوٹس لیا اور دل کے مریضوں کے آپریشنز صحت کارڈ کے تحت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ دل کے آپریشنز پر آنے والے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی، دل کے امراض میں مبتلاء مریضوں پر کوئی بوجھ نہ ڈالا جائے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مریضوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کارڈ پلس کا منصوبہ بانی پی ٹی آئی کے دل کے قریب ہے، صحت کارڈ صوبائی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اسے مزید بہتر بنایا جائے گا، مزید بیماریوں کے علاج کو بھی صحت کارڈ میں شامل کرنے پر کام کررہے ہیں ، صحت کارڈ کو جامع بنانے کے ساتھ ساتھ شفافیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔