نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکی ویب سائٹ نیٹ فلکس کی جانب سے صارفین کے پاس ورڈ شئیر کرنے کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
کمپنی کے ایک بیان کے مطابق ایک نیٹ فلکس اکاؤنٹ ایک گھرانے کے لئے ہے ، اس سے قبل نیٹ فلکس نے بتایا تھا کہ تقریبا دس کروڑ صارفین اپنا پاس ورڈ دیگر لوگوں سے شئیر کر رہے ہیں جس سے نئے ٹی وی شو اور فلموں کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
نیٹ فلکس نے "مستعار" یا "شئیرڈ" اکاؤنٹ کا اضافہ کیا تھا جن میں صارفین اضافی قیمت کے بدلے نئے صارفین ڈال سکتے ہیں یا نیٹ فلکس پروفائل کو نئے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر سکتے ہیں، کمپنی کے مطابق اسی تجربے کو اب 100 سے زائد ممالک میں لاگو کیا جا رہا ہے۔
امریکی کمپنی کے شریک چیف ایگزیکٹو ٹیڈ سرانڈوس کے مطابق اکاؤنٹ شئیرنگ کے اس اقدام سے نئے صارفین کو شامل ہونے کا موقع ملے گا جس سے نیٹ فلکس کو طویل مدت تک کیلئے ترقی میں مدد ملے گی ۔
نیٹ فلکس نے اس سے قبل پاس ورڈ شئیر کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کو ملتوی کر دیا تھا تاکہ صارفین کو بہتر تجربہ فراہم کیا جاسکے۔
نیٹ فلکس کے مطابق اپریل میں صارفین کی تعداد 232.5 ملین تک پہنچ گئی تھی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔