سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے چینلز پر فارورڈ میسجز شیئر کرنے کا فیچر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
واٹس ایپ نے رواں سال ستمبر میں نئے فیچر چینلز کو متعارف کروایا تھا، یہ فیچر فیس بک پیج کی طرح ایک اکاؤنٹ جیسے کام کرتا ہے جہاں کوئی بھی شخصیت یا ادارہ اپنے مواد کو واٹس ایپ میسج کر سکتا ہے، واٹس ایپ پر بنے چینلز کو صارفین کی جانب سے فالو کیا جا سکتا ہے۔
یہاں اہم بات یہ ہے کہ صارف کا فون نمبر یا نام چینل چیٹ میں ظاہر نہیں ہوتا اور نہ ہی کوئی صارف چینل میں میسج کا ریپلائی کر سکتا ہے، حکام نے جہاں صارفین کی پرائیویسی کا اہتمام کیا ہے وہاں ان کو یہ سہولت بھی دی ہے کہ وہ چینل کے میسج کو فارورڈ کر سکتے ہیں۔
ویب ایٹ انفو کے مطابق ماہرین فارورڈ میسجز کو چینلز میں شیئر کرنے کے فیچر پر کام کر رہے ہیں جس کے تحت صرف ایڈمن چیٹس میں موصول ہونے والے میسجز کو براہ راست چینلز میں شیئر کر سکیں گے، نیا فیچر ایڈمن کو یہ سہولت بھی دے گا کہ وہ ابتدائی طور پر فارورڈ میسج کو ڈرافٹ کے طور پر محفوظ کر لے اور اچھے سے جائزہ لے کر شیئر کرنے کا فیصلہ کرے۔
مزید برآں ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ فارورڈ میسجز شیئر کرنے کی سہولت دینے والا یہ فیچر کب تک پیش کیا جائے گا تاہم یہ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ اگلے 6 ماہ میں یہ فیچر صارفین کو میسر ہوگا۔