ڈاووس: (ویب ڈیسک) نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ فری لانسنگ، سکل ڈویلپمنٹ اور ای کامرس میں دنیا پاکستانی ذہانت کی معترف ہورہی ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں منعقدہ 54ویں عالمی اقتصادی فورم میں نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف، نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سمیت عالمی رہنما شریک ہیں۔
نگران وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف 15 سے 19 جنوری تک جاری رہنے والی عالمی اقتصادی فورم میں ڈیجیٹل پاکستان برانڈ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے کوششاں ہیں، اس سلسلے میں انہوں نے بین الاقوامی اداروں اور عالمی تنظیمی عہدیداران سے اہم سائیڈ لائن ملاقاتیں کیں۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل ڈی سی او دیمہ الیحییٰ سے ہونے والی ملاقات میں ڈیجیٹل تعاون پر مفید گفتگو ہوئی۔
ملاقاتوں کے دوران ڈاکٹر سیف کی قطر کے وزیر آئی ٹی محمد بن علی اور روانڈا کی وزیر کمیونیکیشن پاؤلا انگیبری سے بھی دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان سٹارٹ اپس فنڈ میں تعاون، رکن ممالک کے مابین مشترکہ کلاؤڈ سروسز پر اہم پیشرفت متوقع ہے جبکہ ڈی سی او ممالک میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔