کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو حکم دیا ہےکہ جن شہریوں کی جبری گمشدگی ثابت ہوچکی ہے انہیں ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں سرکاری وکیل اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ جے آئی ٹیز اجلاس اور تحقیقات میں دونوں شہریوں کی جبری گمشدگی ثابت ہوچکی ہے، اس پر عدالت نے سوال کیا کہ شہری اتنے عرصے سے لاپتہ ہیں کچھ تو کریں، تحقیقات میں کیا سامنے آیا؟
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ حافظ فرحان قادری پہلے بھی لاپتہ ہوا تھا اور 2020 میں دوبارہ لاپتہ ہوگیا، اس حوالے سے مدینہ کالونی تھانے میں دو مقدمات درج ہیں، عدالت نے مفرور قرار دیا ہے۔
جسٹس نعمت اللہ نے کہا کہ کچھ بھی ہو لاپتہ شہریوں کو اب عدالت میں پیش کرنا ہو گا۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو حکم دیا کہ لاپتہ شہریوں کو عدالت میں پیش کریں ورنہ خود پیش ہوں، جن شہریوں کی جبری گمشدگی ثابت ہوچکی ہے انہیں ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔