اسلام آباد :(دنیا نیوز ) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈیپ منصوبے پر کام شروع کردیا۔
ذرائع وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق منصوبہ پر تقریباً 74 ملین ڈالر کی لاگت آئے گی اور اسے 31 جولائی 2028 تک مکمل کیا جائے گا، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے منصوبے پر ٹیکنیکل کام شروع کردیا، ورلڈ بینک منصوبے کیلئے تمام ٹیکنیکل فنڈنگ فراہم کررہا ہے۔
ڈیپ منصوبے کے تحت وزارت آئی ٹی، سرمایہ کاری بورڈ اور نادرا کو ایک پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا، برتھ سرٹیفکیٹ سے لے کر بینک اکاؤنٹ کھولنے اور ٹرانزیکشنز تک کا عمل ڈیجیٹل طریقے سے ہوسکے گا، منصوبے سے گورننس کے مسائل، کرپشن اور ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ منصوبے کیلئے سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا پروٹیکشن جیسے قوانین منظور کروانا ہوں گے، منصوبے سے سرکاری امور کی انجام دہی میں شفافیت اور تیز رفتاری آئے گی، ڈیپ منصوبہ دبئی سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں نافذ العمل ہے۔
دوسری جانب نیشنل آئی ٹی بورڈ نے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ پر ہوم ورک مکمل کرلیا، سرکاری اداروں میں خط و کتابت کے علاوہ زمین کی منتقلی اور گاڑیوں کی ٹرانسفر بھی ڈیجیٹل ہوگی ۔