پیرس: (ویب ڈیسک) ٹیسلا اور سپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ مستقبل میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ہم سے تمام ملازمتیں چھین لے گی۔
پیرس میں ایک کانفرنس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ہم سب ہی ملازمتوں سے محروم ہو جائیں ، مگر ان کے خیال میں ملازمتوں سے محرومی ضروری نہیں کہ کوئی بری چیز ہو، ایلون مسک نے ایک ایسے مستقبل کا خیال پیش کیا جس میں ملازمت کرنا آپشنل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ مشغلے کے طور پر ملازمت کرنے کے خواہشمند ہوں گے تو پھر آپ کام کر سکیں گے، مگر اس سے ہٹ کر اے آئی اور روبوٹس ہمارے لیے تمام کام کر سکیں گے ، ایسی صورتحال میں دنیا کو یونیورسل ہائی انکم ماڈل کی ضرورت ہوگی، مگر ایلون مسک نے اس کی وضاحت نہیں کی۔
ایلون مسک کافی عرصے سے اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے رہے ہیں اور اس ایونٹ کے دوران بھی انہوں نے اے آئی کو اپنا سب سے بڑا ڈر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جب تمام افراد ملازمتوں سے دور ہوں گے تو پھر ہماری زندگی کا مقصد کیا ہوگا؟ میرے خیال میں اس وقت بھی انسانوں کا کوئی کردار ضرور ہوگا اور اسی طرح ہم اے آئی ٹیکنالوجی کو بامقصد بنا سکتے ہیں ۔