یورپی یونین نے اے آئی قانون کی منظوری دے دی

Published On 22 May,2024 05:31 pm

برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے دنیا کے پہلے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) قانون کی منظوری دے دی ہے۔

بیلجیئم کی نائب وزیراعظم Petra De Sutter نے ایک بیان میں بتایا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، ہم نے اے آئی قانون کو اپنایا ہے جو دنیا میں اس طرز کا پہلا قانون ہے جس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے خطرات سے اپنے شہریوں اور کاروباری اداروں کے تحفظ اور تنوع کو یقینی بنایا گیا ہے۔

مختلف سسٹمز اور اے آئی کی اقسام کو مدنظر رکھ کر مختلف کیٹیگریز کے تحت قانون کااطلاق ہوگا، جس سسٹم سے زیادہ خطرہ لاحق ہوگا، اس پر زیادہ سخت قوانین کا اطلاق ہوگا۔

یورپی کونسل کی جانب سے گورننگ باڈیز کو تشکیل دے کر قانون کے اطلاق کو یقینی بنایا جائے گا، اس قانون کے تحت ایک اے آئی آفس، خودمختار ماہرین کا ایک پینل، اے آئی بورڈ اور ایڈوائزری فورم کو تشکیل دیا جائے گا جبکہ عام استعمال کے اے آئی ماڈلز کو بھی ریگولیٹ کیا جائے گا۔

یورپی یونین کونسل اور یورپین پارلیمنٹ نے ابتدائی طور پر دسمبر 2023 میں اس قانون پر اتقاق کیا تھا اور پھر مارچ 2024 میں پارلیمان سے اس کی منظوری دی گئی، اب یورپی کونسل نے اس کی متفقہ منظوری دی ہے جس کے بعد اس کے قانون بننے کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

روزمرہ کے کاموں کے لیے کام کرنے والے اے آئی ماڈلز پر اس قانون کا اطلاق 12 ماہ بعد ہوگا جبکہ مختلف مصنوعات میں موجود اے آئی سسٹمز پر اس کا اطلاق 36 ماہ میں ہوگا، قانون کی خلاف ورزی پر 75 لاکھ یورو سے ساڑھے 3 کروڑ تک جرمانے کی سزا سنائی جا سکے گی۔