نیویارک :(ویب ڈیسک ) واٹس ایپ کے بیٹا (bata) ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو نئے فیچرز تک رسائی دیگر افراد کے مقابلے میں پہلے حاصل ہو جاتی ہے۔
واٹس ایپ میں بیٹا ٹیسٹرز پروگرام کافی عرصے سے دستیاب ہے اور کوئی بھی صارف اس پروگرام کا حصہ بن سکتا ہے، اب ایسا لگتا ہے کہ انسٹا گرام میں بھی اسی طرح کا پروگرام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق انسٹا گرام میں Early Access to Features نامی آپشن متعارف کرایا جا رہا ہے جو کہ واٹس ایپ بیٹا پروگرام جیسا ہوگا، انسٹا گرام میں ابھی نئے فیچرز تک سب سے پہلے رسائی کے لیے اینڈرائیڈ بیٹا پروگرام کا حصہ بننا پڑتا ہے۔
اس نئے آپشن سے نئے فیچرز تک سب سے پہلے رسائی انسٹا گرام کے اندر ہی ممکن ہو جائے گی،یہ آپشن انسٹا گرام سیٹنگز میں موجود ہوگا۔
ابھی اس حوالے سے زیادہ تفصیلات تو موجود نہیں مگر بظاہر یہ واٹس ایپ بیٹا پروگرام کی طرح ہی کام کرے گا، واٹس ایپ بیٹا پروگرام میں موجود صارفین کے فیڈ بیک کو مدنظر رکھ کر نئے فیچرز کو تمام افراد کے لیے متعارف کرایا جاتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر انسٹا گرام کے اس نئے فیچر کی تصدیق نہیں کی گئی تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک متعارف کرایا جا سکتا ہے۔