کل انٹرنیٹ گلوبل ویلیج کیلئے ٹاؤن سکوائر بن جائے گا: احسن اقبال

Published On 09 July,2024 03:14 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کل انٹرنیٹ گلوبل ویلیج کیلئے ٹاؤن سکوائر بن جائے گا۔

ڈیجیٹل ڈیموکرسی ان ایکشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان 2023 میں 71 ملین سوشل میڈیا صارفین کا ملک بن گیا، باراک اوباما نے کہا تھا کہ کل انٹرنیٹ گلوبل ویلیج کیلئے ٹاؤن سکوائر بن جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی اتنی طاقت ہے کہ پالیسی پر اثرانداز ہوجائے، سوشل میڈیا کے ذریعے سوسائٹی میں پولرائزیشن کا سبب بن رہا ہے، شدت پسند اور دہشتگرد بھی سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں، سوشل میڈیا فیک نیوز اور مس انفارمیشن کا خطرہ بن چکا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ غلط معلومات کی وجہ سے معاشرے میں پولرائزیشن بڑھ رہی ہے، سوشل میڈیا کی وجہ سے سائبر سکیورٹی رسک بڑھ رہا ہے، پاکستان میں 39 فیصد آبادی انٹرنیٹ کا استعمال کر رہی ہے، باقی 61 فیصد آبادی انٹرنیٹ سے محروم ہے، 61 فیصد آبادی انٹرنیٹ سے محروم ہو تو ڈیجیٹل ڈیموکرسی مشکل ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہراسمنٹ بڑھتی جا رہی ہے، انٹرنیٹ استعمال کرنے والی 70 فیصد خواتین نے کسی بھی صورت ہراسمنٹ کا سامنا کیا،میں ایک مثال ہوں کہ کیسے سوشل میڈیا نفرت کا باعث بن رہا ہے، سوشل میڈیا پر نفرت کے باعث ایک نوجوان نے میری جان لینے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ کل میری نظر سے ایک پوسٹ گزری جس میں ایک پراپرٹی کو مریم نواز سے منسوب کیا گیا، بعد میں پتا چلا وہ پراپرٹی ایک عام شہری تعمیر کر رہا ہے، پاکستان میں کسی کے خلاف بھی کوئی بھی چیز چلانے کی مکمل آزادی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھیرہ کے قریب مجھ پر چور چور کے سلوگن کسے گئے، ایک جگہ مجھ پر ڈاکو ڈاکو کے نعرے کسے گئے، پھر شہزاد اکبر نے کہا کہ ہم نے غلط کیسز بنائے، فواد چودھری نے بھی کہا کہ انہوں نے ہمارے خلاف فیک کیسز بنائے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس وقت جمہوریت کو خود بہت بڑے خطرے کا سامنا ہے، ہمارے ہاتھ میں ڈیوائسز جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں۔