لاہور : (دنیانیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے پانچ مقدمات کا ضمنی چالان پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے پانچ مقدمات کے جیل ٹرائل کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے کوٹ لکھپت جیل جا کر مقدمات پر سماعت کی۔
مقدمات میں نامزد اعجاز چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی جبکہ خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل سمیت دیگر برضمانت ملزمان حاضری کیلئے عدالت پیش ہوئے۔
پولیس نے شاہ محمود قریشی کا ایک مقدمے کا ضمنی چالان جمع کرا رکھا ہے جبکہ دیگر پانچ مقدمات میں ضمنی چالان پیش نہیں کیا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے ضمنی چالان پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسران کو شو کاز نوٹس جاری کر دیئے۔
عدالت نے مقدمات میں نامزد ملزمان اعجاز چودھری اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کو چالان کی کاپیاں تقسیم کر رکھی ہیں، مقدمات میں نامزد نئے ملزمان کے ضمنی چالان پیش ہونے پر تمام ملزمان پر دوبارہ فرد جرم عائد ہو گی۔
بعدازاں عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے پانچ مقدمات کے جیل ٹرائل کی سماعت کل 12 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے تین مقدمات، زمان پارک اور مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے دو مقدمات میں ضمنی چالان طلب کیا گیا ہے۔