لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اینکر پرسن عائشہ جہانزیب پر شوہر کی جانب سے تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اینکر عائشہ جہانزیب کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں ان پر کسی قسم کا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اینکر عائشہ جہانزیب نے اپنے شوہر پر اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا، جس میں موقف اپنایا کہ شوہر نے جھگڑے کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، حارث علی بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بناتا رہا ہے۔
متاثرہ اینکر کی درخواست پر پولیس نے تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا اور ملزم کینٹ کچہری لاہور کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے ملزم کا دو روزہ جسمانی منظور کر لیا۔