لاڑکانہ: بچوں کی لڑائی میں بڑوں کی فائرنگ ، 4 افراد جاں بحق

Published On 11 July,2024 09:53 am

لاڑکانہ : (دنیانیوز) لاڑکانہ کے نواحی گاؤں نائچ میں بچوں کی لڑائی چار افراد کی جان لے گئی ۔

پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ زنگیجو برادری میں گزشتہ روز بچوں کی بات پر ہونے والی لڑائی کے باعث پیش آیا ، جاں بحق افراد میں باپ اور بیٹا بھی شامل ہیں ۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 46 سالہ شمن، 26 سالہ شوکت علی، 40 سالہ علی حسن اور 37 سالہ علی اکبر زنگیجو شامل ہیں ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا ۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور 4 افراد کے قتل میں ملوث ایک ملزم وقار زنگیجو کوبھی  گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

ایس ایس پی میر روحل کھوسو کاکہنا ہے کہ واقعے میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ، جلد ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔