کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں مبینہ مقابلے، 4 ملزم گرفتار، ایک فرار ہو گیا

Published On 11 July,2024 07:18 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جس کی شناخت ابراہیم کے نام سے ہوئی، ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مبینہ ڈاکو زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم کی شناخت دلشاد کے نام سے ہوئی جو پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

ادھر سکھر میں پولیس نے کارروائی کر کے اہلکار کو قتل کرنے کے الزام میں 2 ملزموں کو حراست میں لے لیا ہے، سی ٹی ڈی نے سنیپ چیکنگ کے دوران ملزمان کو گرفتار کیا، دونوں سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔