لاہور: سورج کا پارہ پھر چڑھنے لگا، درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان

Published On 09 July,2024 09:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج کا پارہ ایک بار پھر چڑھنے لگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ لاہور میں آج بادل برسنے کا کوئی امکان نہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد تک جا پہنچا ہے جبکہ حبس کی کیفیت بھی برقرار ہے۔

ادھر بالائی اور وسطی پنجاب میں 10 سے 15 جولائی کے درمیان تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ 12 سے 14 جولائی کے درمیان جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں طوفان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے بارشوں سے جنوبی پنجاب کے ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ اضلاع کے حکام کو ہر طرح کی مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔