لاہور:(دنیا نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست ویژن کے مطابق پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، 25 روز کے دوران 10919 کلو پلاسٹگ بیگز ضبط اور 24523 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مجسٹریٹ ماحولیات کی عدالت میں 5 چالان جمع کرائے گئے، 24523 چھاپوں کے دوران لاہور سے 1002 کلو پلاسٹک بیگز کو دکانوں سے اٹھایا گیا، اتوار کے روز بھی کارروائیاں جاری ہیں، مختلف ناشتہ اور کھانے پینے کے ہوٹلوں پر چیکنگ کی گئی۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ غیرقانونی پلاسٹک بیگز کی روک تھام سے سموگ اور فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی، سب لوگ انفرادی و اجتماعی سطح پر پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف اپنا فعال کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مینوفیکچررز کے 75مائیکرون سے کم حجم کے پلاسٹک بیگز نہ بنانے ،قوانین پر عملدرآمد اور حکومت سے تعاون کرنے پر مشکور ہیں۔