کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) دنیا بھر میں زلزلوں کی پیشگوئی کرنا ایک بڑا چیلنج رہا ہے، لیکن حالیہ تحقیقات اور نئی ٹیکنالوجیز سےاس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش ہو رہی ہیں۔
یونیورسٹی آف برکلے اور کیلیفورنیا گورنر کے ایمرجنسی سروسز آفس نے ایک جدید ایپلیکیشن تیار کی ہے جس کا نام ”MyShake“ ہے۔ یہ ایپ زلزلوں کی شناخت کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور عوامی معلومات کا استعمال کرتی ہے۔
MyShake ایپ صارفین کے موبائل فونز سے حرکت کے ڈیٹا کو جمع کرتی ہے اور زلزلے کی جگہ کی بنیاد پر الرٹس بھیجتی ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے کے سیسمالوجی لیب کے ڈائریکٹر، رچرڈ ایلین (پی ایچ ڈی)، جو اس ٹیکنالوجی کی ترقی میں شامل ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ ایپ چند سیکنڈز سے لے کر کئی سیکنڈز تک کا انتباہ فراہم کر سکتی ہے، جو زلزلے کی شدت اور فونز کی دستیابی پر منحصر ہے۔
تاہم، زلزلوں کی پیشگوئی کے بارے میں کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی بھی سسٹم مکمل طور پر صحیح پیشگوئی کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔
کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (Caltech) کے ماہرِ ارضیات ٹام ہیٹن، جنہوں نے 50 سال سے زیادہ زلزلوں کا مطالعہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ زلزلوں کی پیشگوئی ایک خود تنظیم شدہ بے ترتیبی کا مسئلہ ہے، اور ابھی تک کوئی بھی سسٹم درست طور پر زلزلے کی تاریخ، وقت اور مقام کی پیشگوئی نہیں کر سکا۔
واضح رہے حال ہی میں چین میں ایک اے آئی پر مبنی زلزلہ پیشگوئی سسٹم کا تجربہ کیا گیا تو نتائج حیران کن رہے،اس الگورتھم نے حقیقی وقت میں زلزلے کے ڈیٹا میں تبدیلیوں کو سمجھا اور70 فیصد زلزلوں کی پیشگوئی ایک ہفتے پہلے کرنے میں کامیاب رہا، اس سسٹم نے زلزلے کے وقوع کے 200 میل کے اندر درست پیشگوئی کی۔