انسٹاگرام پر ابتک کے بہترین فیچر ’سوشل ڈائری‘ کی آزمائش

Published On 18 October,2024 10:05 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر اب تک کے بہترین فیچر ’سوشل ڈائری‘ کی آزمائش کا انکشاف ہوا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق انسٹاگرام کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والے ٹیکنالوجی ماہر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ پلیٹ فارم پر ’سوشل ڈائری‘ نامی سیکشن پر کام کیا جا رہا ہے۔

’سوشل ڈائری‘ کا سیکشن انسٹاگرام پروفائل پر نظر آئے گا جسے اب تک کا صارفین کیلئے بہترین فیچر قرار دیا جا رہا ہے۔

مذکورہ فیچر کے تحت ہر صارف اپنی تمام ایکٹوٹیز کو دیکھ سکے گا، یعنی صارف نے جس ریل، پوسٹ یا ویڈیو کو پسند یا ری شیئر کیا ہوگا، اس کا ریکارڈ مذکورہ سیکشن میں نظر آئے گا۔

علاوہ ازیں مذکورہ سیکشن میں انباکس میں ملنے والے میسیجز کو بھی دیکھا جا سکے گا۔

’سوشل ڈائری‘ کے سیکشن کے اندر ابتدائی طور پر دو سیکشن دیئے جانے کا امکان ہے، جس میں مین سیکشن ری شیئرز کا ہوگا جبکہ دوسرا سیکشن میڈیا کا ہوگا، ری شیئرز کے سیکشن میں صارف وہ تمام پوسٹس دیکھ سکے گا، جنہیں اس نے لائیک کیا ہوگا یا ان پر کمنٹ کیا ہوگا، علاوہ ازیں اسی سیکشن میں صارف کو وہ پوسٹس بھی نظر آئیں گی، جن میں انہیں مینشن کیا گیا ہوگا۔

اسی طرح میڈیا کے سیکشن میں صارف کو ریلز، تصاویر اور ویڈیوز نظر آئیں گی، جنہیں اس نے لائیک کیا ہوگا یا جس پر اس نے کمنٹس کیے ہوں گے۔

ابھی انسٹاگرام انتظامیہ نے ’سوشل ڈائری‘ پر کام کرنے یا نہ کرنے کی تصدیق نہیں کی، تاہم ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق مذکورہ فیچر پر محدود آزمائش جاری ہے۔