میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں بڑی تبدیلی کا اعلان

Published On 23 October,2024 09:48 pm

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں ایک اہم اور بڑی تبدیلی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے واٹس ایپ کانٹیکٹس کے سسٹم کو مکمل طور پر تبدیل کیا جا رہا ہے کیونکہ واٹس ایپ میں بنیادی طور پر وہی کانٹیکٹس محفوظ ہوتے ہیں جو آپ کے پرائمری فون محفوظ ہوتے ہیں، دیگر لنکڈ ڈیوائسز میں واٹس ایپ کانٹیکٹس کو محفوظ کرنا ممکن نہیں۔

اگر فون گم یا خراب ہو جائے تو پھر واٹس ایپ میں ان کانٹیکٹس کو دوبارہ محفوظ کرنا پڑتا ہے، اسی طرح اگر ایک ڈیوائس پر واٹس ایپ کے 2 اکاؤنٹس استعمال کر رہے ہیں تو بھی مسائل کا سامنا ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب واٹس ایپ میں کانٹیکٹ منیجر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اس تبدیلی کے بعد تمام کانٹیکٹس براہ راست ایپ میں محفوظ ہوں گے اور فون گم ہونے یا تبدیل کرنے پر آپ کو انہیں دوبارہ محفوظ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کانٹیکٹس محفوظ کرنے کا یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں پہلے واٹس ایپ ویب اور اس کی ونڈوز ایپ کے لیے متعارف کرایا جائے گا، اس کے بعد بتدریج دیگر لنکڈ ڈیوائسز میں بھی کانٹیکٹس کو محفوظ کرنا ممکن ہو جائے گا۔